این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کامیاب

Election

Election

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) حلقہ این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) نے کامیابی حاصل کرلی جس پر شہباز شریف اور مریم نے مبارک بادیں پیش کی ہیں۔

لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ ضمنی انتخاب میں 11 امیدواروں نے حصہ لیا تاہم (ن) لیگ کی شائستہ پرویز ملک اور پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم گل میں مقابلہ ہوا۔

ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی ہوئی اور تمام 254 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی امیدوار شائستہ پرویز نے 46 ہزار 811 ووٹ لے کر فتح حاصل کرلی۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری اسلم گل دوسرے نمبر پر رہے۔ انہوں نے 32 ہزار 313 ووٹ حاصل کیے۔

حلقے میں 254 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے جب کہ رجسٹرد مرد ووٹرز کی تعداد 233558 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 206927 تھی۔

الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق حلقہ میں امن وامان یقینی بنانے کے لیے پولیس اور رینجرز کو تعینات کیا گیا جب کہ اسلام آباد اور لاہور میں کنٹرول روم قائم کیے گئے۔

واضح رہے کہ لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 کی نشست (ن) لیگ کے رکن اسمبلی پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

کامیابی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کارکنوں کو مبارک باد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ ہم یہ کامیابی دوستوں اور بھائیوں سمیت مرحوم پرویز ملک کے نام کرتے ہیں۔

ن لیگ کی کامیابی کے بعد مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے ٹویٹس میں کارکنوں کو مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ اللہ کا شکر ہے شیروں کو مبارک ہو، ایک بار پھر شیر آیا ہے الحمداللہ