این اے 249 ضمنی انتخاب؛ پی ٹی آئی کا حمایت کے لیے متحدہ سے رابطہ

 MQM and PTI

MQM and PTI

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) این اے 249 کراچی میں ضمنی انتخاب کے لیے تحریک انصاف نے اپنے امیدوار کی حمایت کے لیے ایم کیو ایم سے مدد مانگ لی۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد پر پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے ایک وفد کی خرم شیر زمان کی قیادت میں آمد ہوئی۔

پی ٹی آئی کے وفد میں سعید آفریدی، امجد آفریدی، محمود مولوی اور فضا ذیشان شامل تھے جب کہ ایم کیو ایم کی جانب سے رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل، خواجہ اظہار الحسن، حمید الظفر، زاہد منصوری، جاوید حنیف اور شاہانہ اشعر بھی موجود تھیں۔

ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ کراچی جس صورتحال کا سامنا کر رہا ہے اس میں فراہمی و نکاسی آب کا نظام تباہ ہو چکا ہے، نظام صحت کا برا حال ہے ان تمام مسائل کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے جو گزشتہ 13 برس سے حکومت کر رہی ہے اور مسائل جوں کے توں ہیں۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ آج ہم نے این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں متحدہ سے حمایت مانگی ہے، ہماری کوشش ہے کہ ہر مرحلے میں ہم اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں۔

ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے کہا کہ تحریک انصاف کی گزارشات ہم رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں رکھیں گے اور جو فیصلہ ہوگا اس سے تحریک انصاف کو آگاہ کردیں گے، ہمیں اس بات پر اطمینان ہے کہ گزشتہ روز عمران خان سے ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کراچی کے مسائل جلد حل ہوں گے جب کہ خرم شیر زمان کی قیادت میں آنے والے وفد نے بھی اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ کراچی کے مسائل پر وزیراعظم سے بات کریں گے۔