اختتام رمضان پر سرخ مرچ، چاول، دودھ سمیت 14 اشیا مہنگی

Inflation

Inflation

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک بھر میں رمضان المبارک کے دوران مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان رہا، ہفتہ وار بنیاد پر گذشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں0.01 فیصداضافہ ہوا تاہم گذشتہ ہفتے کے دوران سالانہ بنیادوں پرمہنگائی کی شرح پھر بڑھ کر 9.26فیصد ہو گئی ہے۔

وفاقی ادارہ برائے شماریات کے اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران پسی سرخ مرچ ،چاول،تازہ دودھ، چکن، مٹن، بیف، ٹماٹر اور لہسن سمیت 14 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ آلو، پیاز،انڈے،چینی ،دال چنا،دال مسور،دال مونگ،دال ماش، ویجی ٹیبل گھی اور آٹا سمیت 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی اور26 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔

محکمہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر 17ہزار 732روپے ماہانہ آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں10.93فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں10.47فیصد، 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 13.17فیصد، 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں11.91فیصد اضا فہ ہوا جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 7.64فیصدرہی ہے۔