اگر دشمن کے ایجنڈے پر چلنا جمہوری ہے تو میں یہ بوجھ نہیں اٹھا سکتا۔ عبدالقادر بلوچ

Abdul Qadir Baloch

Abdul Qadir Baloch

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ن کے ناراض رہنما جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ نے مسلم لیگ کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کے بیان پر اپنا ردعمل دیا ہے۔

گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر عبدالقادر بلوچ آئینی اور جمہوری بنانیے کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے تو انہیں گھر بیٹھ جانا چاہیے۔

مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے بھی کہا تھا کہ عبدالقادر بلوچ استعفیٰ دینا چاہیں تو ان کی مرضی ہے۔

اب جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ نے شاہد خاقان عباسی کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

عبدالقادر بلوچ نے اپنے ٹوئٹ میں شاہد خاقان عباسی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ جی بالکل، اگر دشمن کے ایجنڈے پر چلنا، آئینی اور جمہوری ہے تو میں واقعی یہ بوجھ نہیں اٹھا سکتا۔

خیال رہے کہ کوئٹہ میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے کے بعد مسلم لیگ ن کی مرکزی اور صوبائی قیادت میں اختلافات سامنے آئے تھے۔