وبائی صورتحال کے دوران 14,27,097 ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیا: سٹیٹ بینک

State Bank

State Bank

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا وائرس کی وبا کے دوران روزگار کے تحفظ کیلئے سٹیٹ بینک کی سکیم کے تحت اب تک 14 لاکھ، 27 ہزار، 97 ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک نے کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی معاشی مشکلات اور بے روزگاری روکنے کے لیے یہ سکیم متعارف کرائی ہے۔ سکیم کے تحت کاروباری ادارے مستقل، کنٹریکٹ اور دیہاڑی دار سمیت ہر قسم کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے سستے قرضے حاصل کر سکتے ہیں۔

سکیم کے تحت اپریل 2020ء سے ستمبر 2020ء کے دوران اپنے ملازمین کو برطرف نہ کرنے والے ادارے ملازمین کی تین ماہ کی تنخواہوں کے لیے 5 فیصد شرح سود پر قرض حاصل کر سکتے ہیں۔

فعال ٹیکس گزاروں کی فہرست میں شامل اداروں کو 4 فیصد کی شرح پر قرضہ لینے کی سہولت فراہم کی گئی ہے سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اس سکیم کے تحت 3063 کاروباری اداروں اور کمپنیوں نے 17 لاکھ، 8 ہزار، 156 ملازمین کے روزگار کے تحفظ کیلئے 2 کھرب، 35 ارب، 93 کروڑ،20 لاکھ روپے سے زائد کے قرضہ کیلئے درخواستیں دائر کیں۔

اعدادوشمار کے مطابق سٹیٹ بینک نے ان میں سے 2429 اداروں اور کمپنیوں کی جانب سے ایک کھرب، 83 ارب 43 کروڑ، 10 لاکھ روپے تک کے قرضہ درخواستوں کی منظوری دی اور یوں 14 لاکھ، 27 ہزار، 97 ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔