اسٹیبلشمنٹ اور حکومت الگ الگ نہیں، دونوں نے ساتھ چلنا ہوتا ہے: پرویز خٹک

 Pervez Khattak

Pervez Khattak

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور حکومت الگ الگ نہیں، ان دونوں نے ایک ساتھ چلنا ہوتا ہے۔

انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پرویز خٹک نے کہا کہ یہ تمام لوگ عمران خان کے خلاف اکٹھے ہوئے ہیں، پتا نہیں آپ کو کیوں نظر آرہا ہے کہ حکومت جا رہی ہے؟ میں آپ کو یقین سے کہتا ہوں کہ حکومت کہیں نہیں جارہی، ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اور ساتھ ہی رہیں گے۔

اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ آپ کے ماتحت ادارے واقعی نیوٹرل ہوگئے ہیں؟ اس پر وزیر دفاع نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اور حکومت الگ الگ نہیں، ان دونوں نے ایک ساتھ چلنا ہوتا ہے۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ہفتے 20 دن میں آرمی چیف سے ملاقات ہو جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان بہت زیادہ پراعتماد ہیں، سیاسی جماعتوں کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، جس نے جانا ہے استعفیٰ دے دے، ورنہ اس طرح حلقے کے عوام سے دغا ہوگا۔