ماہرہ، ایمن اور عاطف ایشیا پیسیفک کے 100 بااثر ترین اسٹارز میں شامل

Mahra Khan, Ayman Khan and Atif Aslam

Mahra Khan, Ayman Khan and Atif Aslam

نیویارک (اصل میڈیا ڈیسک) ماہرہ خان، ایمن خان اور عاطف اسلم ایشیا پیسیفک کے 100 بااثر ترین ڈیجیٹل اسٹارز کی فہرست میں شامل ہو گئے۔

امریکی جریدے فوربز نے رواں سال ایشیا پیسیفک کے 100 بااثر ترین فنکاروں کی فہرست جاری کی ہے۔ جن کے سوشل میڈیا پر نہ صرف لاکھوں کی تعداد میں فالوورز ہیں بلکہ ان فنکاروں نےکورونا وبا کے دوران اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو عوام میں آگاہی پھیلانے کے لیے استعمال کیا۔

فوربز کی جانب سے جاری کی جانے والی فہرست میں جہاں بھارتی فنکارامیتابھ بچن، اکشے کمار، ہرتھیک روشن، شاہ رخ خان، کورین فنکار بلیک پنک، ایگزو اور لی من ہو وغیرہ شامل ہیں۔ وہیں پاکستانی فنکار ماہرہ خان، ایمن خان اور عاطف اسلم بھی اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
ماہرہ خان

ماہرہ خان کا شمار پاکستان میں سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ ان کے انسٹاگرام پر تقریباً 7 ملین اور فیس بک پر 4 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں۔ ماہرہ خان نے رواں سال اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو دماغی صحت کے مسائل، خواتین پر تشدد اور چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی پھیلانے کے لیے استعمال کیا۔

پاکستان کے مقبول ترین گلوکار و اداکار عاطف اسلم کے انسٹاگرام پر 5.3 ملین فالوورز ہیں۔ انہوں نے رواں سال مئی میں کورونا وبا کے دوران لوگوں میں امید جگانے اور لوگوں کی حوصلہ افزائی کے لیے’’اسما الحسنیٰ‘‘ ریلیز کیاتھا جس میں انہوں نے خد اکے 99 ناموں کی تلاوت کی تھی۔ یوٹیوب پراس ویڈیو کو 22 ملین (2کروڑ 20 لاکھ) سے زائد لوگوں نے دیکھا تھا۔

عاطف اسلم کے فیس بک پر تقریباً 20 ملین فالوورز ہیں انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے لوگوں کو گھروں میں رہنے پر زور دیا کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے گھروں پر ہی رہیں۔

ایمن خان 7.7 ملین فالوورز کے ساتھ انسٹاگرام پرپاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی اداکارہ ہیں۔ ایمن اور ان کی جڑواں بہن منال خان انسٹاگرام پر اپنا کلودنگ برانڈ ایمن منال کلوزیٹ چلاتی ہیں۔ جس کے تقریباً 2 لاکھ 49 ہزار فالوورز ہیں۔ گزشتہ برس ایمن خان کو ڈراما سیریل ’’باندی‘‘ اور ’’عشق تماشا‘‘ میں بہترین اداکارہ کے لیے ہم ایوارڈز میں نامزد کیا گیا تھا۔