ایکسپو سینٹر کراچی میں بچوں کی کورونا ویکسینیشن کا آغاز

Children Corona Vaccination

Children Corona Vaccination

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ایکسپو سینٹر میں قائم ویکسی نیشن مرکز میں محکمۂ تعلیم سندھ کی ہدایت پر بچوں کی کورونا ویکسی نیشن کا آغاز ہو گیا ہے۔

ایکسپو ویکسی نیشن سینٹر کے عملے کے مطابق بچوں کی ویکسی نیشن کے لیے ایکسپو سینٹر کے اوقاتِ کار صبح 8 بجے سے شام ساڑھے 7 بجے تک ہیں۔

بچوں کے والدین نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکول میں بچوں کی ویکسی نیشن نہیں کرا سکے اس لیے یہاں آئے ہیں، ایکسپو سینٹر میں بچوں کے لیے ویکسی نیشن کے اوقات کار بڑھانے چاہئیں۔

واضح رہے کہ محکمۂ تعلیم سندھ کی ہدایت پر 12 سے 18 سال تک کے طلبہ و طالبات کی ویکسی نیشن کی جا رہی ہے۔

محکمۂ تعلیم سندھ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ 12 سے 18 سال تک کے بچوں کی کورونا وائرس کی ویکسی نیشن لازمی کروائی جائے۔

محکمۂ تعلیم سندھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کورونا ویکسی نیشن نہ کروانے والے اسکولوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

صوبۂ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 90 ہزار 10 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 7 ہزار 691 ہو گئیں۔

دوسری جانب پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ساڑھے 4 فیصد سے زائد ہو گئی، جبکہ اس سے اموات میں بھی اچانک اضافہ سامنے آیا ہے۔

پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 74 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 13 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 446 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 4 اعشاریہ 70 فیصد پر آ گئی۔

پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 987 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 9 ہزار 248 ہو چکی ہے۔