فیس بک کو روزانہ استعمال کرنیوالوں کی تعداد کتنی ہے؟ ڈیٹا جاری

Facebook

Facebook

امریکہ : سماجی رابطوں کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک کی جانب سے 2020 کے چوتھے سہ ماہی کے اعداد وشمار جاری کیے گئے ہیں۔

جاری اعداد وشمار کے مطابق فیس بک کا کہنا ہے کہ چوتھے سہ ماہی میں سوشل نیٹ ورک کی آمدنی 28 ارب ڈالر ہوگئی ہے جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ ہے جب کہ منافع مجموعی طور پر 11 ارب ڈالرز سے زائد رہا جوکہ گزشتہ برس کے مقابلے53 فیصد زیادہ ہے ۔

فیس بک کے اعداد وشمار ظاہر کرتے ہیں کہ گزشتہ برس کے دوران مختلف تنازعات اور عالمی وبا سامنے آنے کے باوجود فیس بک سال کے آخری چوتھے سہ ماہی نئے صارفین کو اپنی جانب راغب کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

کمپنی کے مطابق روزانہ فیس بک استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد چوتھے سہ ماہی میں 1.84 بلین(ایک ارب 84 کروڑ) جب کہ 2.8 بلین(2 ارب 80 کروڑ) ماہانہ رہی جو سال بھر کے دوران بالترتیب 11 فیصد اور 12فیصدزیادہ ہے۔

فیس بک کی زیر ملکیت ایپس ( جس میں انسٹاگرام ، واٹس ایپ اور میسنجر شامل ہیں)بھی چوتھے سہ ماہی کے دوران ایک نیا ریکارڈ بنانے میں کامیاب رہیں جن میں مہینے میں کم از کم ایک باراستعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 3 ارب 30 کروڑ رہی۔

کمپنی کے مطابق ان میں سے تقریباً 2.6 بلین روزانہ فیس بک کی ایک ایپ استعمال کرتے ہیں۔