فیس بک کی اسمارٹ واچ کے منتظر مداحوں کے لیے خوشخبری

Facebook Smart Watch

Facebook Smart Watch

کیلی فورنیا: سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک آئندہ برس 2022 تک اسمارٹ واچ تیار کرلے گی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک اب ہارڈ ویئر کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا ہے اور اس سلسلے میں اسمارٹ واچ لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فیس بک کی اسمارٹ واچ کو مارکیٹ میں دستیاب دیگر اسمارٹ واچز کے مقابلے میں اس حوالے سبقت حاصل ہے کہ صارفین اس گھڑی کے ذریعے صحت اور فٹنس کے اداروں سے براہ راست منسلک ہوسکتے ہیں۔
علاوہ ازیں فیس بک پہلے ہی ورچوئل رئیلٹی ہیڈ سیٹ سمیت دیگر ڈیوائسز لانے کا اعلان کرچکی ہے جو اس بات کی غماز ہے کہ فیس بک اب ہارڈ ویئر میں پنجہ آزمائی کے لیے تیار ہے۔

فیس بک کی اسمارٹ واچ اپنے حریفوں ایپل اور ہواووے کو سخت مقابلہ دینے کے لیے آئندہ برس سے مارکیٹ میں دستیاب ہوگی جب کہ یہ موبائل سروس سے بھی منسلک رہے گی۔

رائٹرز کی اس رپورٹ پر فیس بک کی جانب سے کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے تاہم مارکیٹ میں پہلے ہی فیس بک اسمارٹ واچ کی دھوم مچ گئی ہے۔