فیصل واوڈا نے قومی اسمبلی سے استعفیٰ دیدیا: وکیل کا دعویٰ

 Faisal Wawda

Faisal Wawda

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پی ٹی آئی کے رہنما فیصل واوڈا کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے مؤکل نے بطور رکن قومی اسمبلی استعفیٰ دے دیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کی نااہلی کے کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں ان کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔

فیصل واوڈا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل نے بطور رکن قومی اسمبلی استعفیٰ دے دیا ہے جس کے بعد ان کی نااہلی کی درخواست غیر مؤثر ہوگئی ہے۔

فیصل واوڈا کے وکیل نے ان کا قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ عدالت میں بھی پیش کیا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کے خلاف الیکشن کمیشن اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں دوہری شہریت کے معاملے پر نااہلی کیس کی سماعت ہورہی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے فیصل واوڈا کو سینیٹ کا ٹکٹ بھی دیا ہے جس پر وہ سینیٹ الیکشن لڑ رہے ہیں۔