کسانوں کے احتجاج میں جلد ہی عوام بھی شامل ہو جائیں گے، نصیر الدین شاہ

Naseeruddin Shah

Naseeruddin Shah

ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بالی ووڈ اداکار نصیر الدین شاہ کا کہنا ہے کہ کسانوں کے احتجاج کو سنجیدگی سے نہیں لیا تو مجھے یقین ہے کہ اُن کے احتجاج میں بھارتی عوام بھی شامل ہو جائے گی۔

نصیر الدین شاہ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کسانوں کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کا احتجاج اُن کا ذاتی مسٔلہ نہیں، اس معاملے کو سنجیدگی سے لینا چاہیے، اگر پانی سر سے اونچا ہوگیا تو پھر دشمنوں کا شور نہیں سنائی دے گا بلکہ آپ کو اپنے دوستوں کی خاموشی ضرور چبھے گی۔

نصیر الدین شاہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسان اس وقت سخت سردی میں بیٹھے احتجاج کر رہے ہیں، اس پر یہ کہنا کہ مجھے اس سے کوئی سروکار نہیں یہ ہم نہیں کہہ سکتے، مجھے یقین ہے کہ کسانوں کے احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع ہوگا جس میں عوام بھی شامل ہوجائیں گے اور ایسا ہو کر ہی رہے گا۔

نصیر الدین شاہ نے بالی ووڈ کے فنکاروں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایسے موقع پر خاموشی اختیار کرنا دراصل ظالم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے، ہماری انڈسٹری کے نامور اداکار خاموش بیٹھے ہیں کیوں کہ انہیں یہ ڈر ہے جکہ اگر وہ کسانوں کے حق میں بات کریں گے تو وہ بہت کچھ کھو دیں گے لیکن مجھے سمجھ نہیں آتا کہ جب آپ لوگوں نے اتنا پیسہ کمالیا کہ آپ کی سات نسلیں بیٹھ کر کھاسکتی ہیں پھر آپ کو کس چیز کے کھوئے جانے کا ڈر ہے؟

انہوں نے یہ بھی کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران میرے سامنے نقل مکانی کرنے والوں کی تصاویر سامنے آتی تھیں تو میرا دل دکھتا تھا کیوں کہ مجھے بہت افسوس اور حیرانگی ہوتی تھی کہ جو پولیس والے نقل مکانی کرنے والوں پر ڈنڈے برسا رہے ہیں وہ بھی تو اسی طبقے کے ہیں۔