فضیلہ قاضی کا پسندیدگی کی بنیاد پر اچھے کردار اور ایوارڈز دینے کا شکوہ

Fazeela Qazi

Fazeela Qazi

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستانی اداکارہ فضیلہ قاضی نے شوبز انڈسٹری میں پسندیدگی کی بنیاد پر کام دینے اور ایوارڈز سے نوازنے کا شکوہ کر دیا۔

فضیلہ قاضی نے ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ بچپن میں کہاوت سنی تھی کہ بندر بانٹے ریوڑیاں اپنوں اپنوں میں، مجھے اس کا مطلب اچھی طرح سمجھ آتا ہے، افسوس ہوتا ہے کہ انڈسٹری میں ایک سے بڑھ کر ایک بہترین کام کرنے والے لوگ موجود ہیں لیکن جب انہیں ایوارڈز دینے یا نوازنے کی باری آتی ہے تو فراموش کردیا جاتا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایوارڈز کے موقع پر وہی چند چاپلوس لوگ نظر آتے ہیں جو پی آر اور نیٹ ورکنگ کے فن میں ماہر ہیں۔ ہم کون لوگ ہیں، کیا ہمارا نظریہ نہیں ہے یا ہم اندھے ہیں کہ ہمیں کچھ نظر نہیں آتا؟۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ جو لوگ اچھا کام کر رہے ہیں انہیں سپورٹ کیا جائے، نیک نیتی ہونی چاہیے، لیکن وہ لوگ جو گروپس کا حصہ ہیں وہی ایک دوسرے کا ساتھ دیتے نظر آتے ہیں۔

پاکستانی اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایسے افراد کو ہی اچھے کریکٹر مل جاتے ہیں کیوں وہ ایک دوسرے کی جھوٹی تعریفیں کرتے ہیں۔