ایف بی آر نے افسران اور عملے کو نقد انعامات دینے پر پابندی عائد کر دی

FBR

FBR


کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جاری مالی سال کے لئے تمام ماتحت کسٹمز کے تمام شعبوں کےافسران اور عملے کے نقد انعامات پر پابندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

جمعہ کو ریونیو ڈویژن کی جانب سے تمام ڈائریکٹر جنرل کسٹمز اور چیف کلکٹرز کسٹمز کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال 2019۔20 میں ایف بی آر کے کسی ملازم کو نقد انعام نہیں دیا جائے گا اور جن افسران اور ملازمین کو نقد انعام دیا جاچکا ہے ان سے انعام یا ریوارڈ کی رقم واپس لینے کا حکم دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہاگیا ہے کہ اگر ایف بی آر کے ماتحت کسی بھی یونٹ کے پاس نقد انعام کی رقم رکھی ہوئی تو وہ ایف بی آر کو واپس کردے۔

واضح رہے کہ ایف بی آر کے ماتحت پاکستان کسٹمز کے ڈائریکٹوریٹ کسٹم انٹیلیجنس سمیت دیگر بیشتر کلکٹریٹس کو انسداد اسمگلنگ مہم، مس ڈیکلریشن انڈرانوائسنگ سمیت دیگر بے قاعدگیوں کے ذریعے کسٹم ڈیوٹی ودیگر ٹیکسوں کی چوری کی نشاندہی کرکے بدعنوانی کے مرتکب عناصر سے مطلوبہ ریونیو کی وصولیوں پر ریوارڈ یا انعام دینے کے قوانین رولز موثر نہ عمل ہیں لیکن پاکستان سمیت دنیابھر میں جاری کورونا وباء کے باعث گھٹتی ہوئی کاروباری سرگرمیوں اور ریونیو وصولیوں کے حجم میں کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایف بی آر نے کسٹمز افسران واسٹاف کی مذکورہ مالی سہولت معطل کردی ہے۔