وفاقی کابینہ نے 7.8 ارب روپے کے رمضان پیکیج کی منظوری دیدی

Utility

Utility

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی کابینہ نے منگل کے روز وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں 7.8 ارب روپے کے رمضان پیکیج کی منظوری دے دی جس کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے 19اشیا پر سبسڈی دی جائیگی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر صنعت و تجارت حماد اظہر نے فواد چوہدری کے ساتھ پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ رمضان پیکج کے تحت مارکیٹ میں موجودہ قیمت کے لحاظ سے آٹے پر 30.50 روپے ڈسکاؤنٹ، چینی پر 40 روپے، گھی پر 43 روپے ، تیل پر 20 روپے ، دال چنا پر 15 ، دال مونگ اور دال ماش پر 10 روپے، دال مسور پر 30 روپے کلو، سفید چنے پر 25 روپے، بیسن پر 20 روپے کلو، کھجوروں پر 20 روپے، چاول پر 10 روپے کلو، ٹوٹا چاول پر 12 روپے کلو اور مختلف مشروبات، دودھ اور مرچ پر بھی یہ سبسڈی دی جائے گی۔

حماد اظہر نے مزید کہا کہ حکومت کے 85 اداروں میں سے 51 منافع بخش ہیں، کابینہ نے خسارے میں چلنے والے اداروں کے فارنزک آڈٹ کی بھی منظوری دی۔کابینہ کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں پاکستان ریلویز، پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کارپوریشن، سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی اور جینکو تھری ناردرن پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ کا فارنزک آڈٹ کرایا جا رہا ہے یہ عمل تیس جون 2021ء تک مکمل ہو جائے گا۔

اگلے مرحلے میں پاکستان پوسٹ، کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی،لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی کا آڈٹ کرایا جائے گا۔ کابینہ نے ممنعوعہ اورغیرممنوعہ اسلحہ لائسنسوں کے اجرا،افغان پناہ گزینوں کیلیے اسمارٹ کارڈ اجرا کی بھی منظوری دی۔

کا بینہ نے راجہ مظہرکی بطورایم ڈی نیشنل بُک فاؤنڈیشن تعیناتی، نادر ممتاز کو مزید تین ماہ کیلئے چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ کے عہدے کا اضافی چارج دینے، ہومیو ڈاکٹر غلام مرتضیٰ کے بطور صدر نیشنل کونسل فار ہومیو پیتھی اور ہومیو ڈاکٹر سعید الرحمان خٹک کے بطور وائس چیئرمین نوٹیفیکیشن کے اجرا اور ڈاکٹر سید سیف الرحمن کو سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے سی ای او کا اضافی چارج دینے کی بھی منظوری دی، کابینہ نے عون عباس کا بطورسربراہ بیت المال استعفیٰ منظورکرلیا۔

حماد اظہر نے کہا کہ کابینہ میں قواعد و ضوابط کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں ردوبدل کے معاملے پر بھی تفصیلی بات ہوئی۔ جنوری میں بڑے پیمانے کی مینوفیکچرنگ کی صنعت میں9.1 فیصد کی شرح نمو نظر آئی ہے،مجموعی طور پر جولائی سے جنوری تک کے عرصے میں 7.8 فیصد شرح نمو نظر آئی ہے اور ہماری صنعت مکمل استعداد کے ساتھ کام کرنے کے قریب ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمود اچکزئی،آفتاب شیر پاؤ جیسے لوگ کہہ رہے ہیں کہ استعفے دے دیں،وہ تمام لوگ جن کا سسٹم میں کوئی حصہ ہی نہیں وہ استعفوں کا کہہ رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے الیکشن کی شفافیت پر بات کی۔ تحریک انصاف کی پوری تحریک دو ستونوں احتساب اور شفاف انتخابات پر کھڑی ہے۔انھوں نے مزید بتایا کہ کابینہ نے ان افغان پناہ گزینوں کے سمارٹ کارڈ کے اجرا کی منظوری دی ہے۔