ابھی تک کسی اچھی فلم میں کام کیا ہی نہیں، عائشہ عمر

Ayesha Umar

Ayesha Umar

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ٹی وی ڈراموں اور فلموں کی معروف پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر نے کہا ہے کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری صحیح ڈگر پر چل نکلی ہے اب یہاں بھی اچھی فلمیں بن رہی ہیں۔

وائس آف امریکا کو دئیے گئے انٹرویو میں عائشہ عمر نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری اب صحیح راہ پر چل پڑی ہے۔ اپنی سب سے پسندیدہ فلم کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ “سب سے اچھی فلم تو ابھی بنی ہی نہیں، لیکن جلد بنے گی۔”

عائشہ عمر کافی عرصے سے اسکرین سے غائب تھیں جس کے بعد وہ اب ایک بار پھر فلمی اسکرین پر جلوہ گر ہوئی ہیں۔ ان کی نئی فلم “کاف کنگنا” 25 اکتوبر کو ریلیز ہو چکی ہے جب کہ کچھ مزید فلمیں بھی جلد ریلیز ہونے والی ہیں۔

فلمی پردے سے دو سال تک غیر حاضر رہنے سے متعلق عائشہ عمر نے بتایا کہ دو سال پہلے میں نے سوچا کہ “یہ جوانی پھر نہیں آنی” تو کیوں نہ دنیا ہی دیکھ لی جائے۔ اس لیے دنیا گھومنے نکل پڑی اور پچھلے دو سالوں میں بہت سی جگہوں کا سفر کیا۔

عائشہ عمر کے بقول اس عرصے کے دوران انہوں نے تین فلموں میں بھی کام کیا ہے جن میں سے ایک “کاف کنگنا” ریلیز ہو چکی ہے جب کہ “رہبرا” پر دوبارہ کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ اپنی فلم “رہبرا” کے بارے میں بتاتے ہوئے عائشہ نے کہا کہ ’’رہبرا‘‘ کی شوٹنگ کا آغاز دو سال پہلے ہوا تھاجس میں اداکار احسن خان ان کے مقابل مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ عائشہ نے کہا کہ کچھ مسائل کی وجہ سے فلم “رہبرا” کی شوٹنگ رک گئی تھی لیکن اب دوبارہ اس پر کام شروع ہونے جارہا ہے۔

عائشہ عمر نے مزید کہا کہ تیسری فلم کامران شاہد کی ہے جس کی شوٹنگ مکمل ہو چکی ہے اور پوسٹ پروڈکشن کا کام جاری ہے جس کی تکمیل کے بعد اسے ریلیز کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دو اور فلموں پر بھی جلد کام شروع ہونے والا ہے۔

فلم “کاف کنگنا” میں نبھائے گئے اپنے کردار سے متعلق عائشہ عمر نے بتایا کہ ان کا کردار ایک باہمت اور نڈر لڑکی گلناز کا ہے، جو اپنے خوابوں کو تعبیر دینا چاہتی ہے، اس سلسلے میں وہ بہت سنجیدہ نظر آتی ہے۔