خوفناک آتشزدگی کے باعث پیرس کا تاریخی گرجا گھر تباہ

Fire Paris

Fire Paris

پیرس (جیوڈیسک) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع تاریخی گرجا گھر میں لگنے والی خوفناک آگ نے چرچ اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث نوٹرڈام گرجا گھر کی چھت اور مخروطی چوٹی گر گئی ہے۔

بارہویں صدی میں بننے والے اس گرجا گھر میں آگ لگنے کے بعد آگ بھجانے والے عملے نے اسے گھیرے میں لے لیا مگر آگ پر قابو نہیں‌ پایا جاسکا۔ گرجا گھر میں لگی آگ بجھانےکے لیے فائر بریگیڈ کی 18 گاڑیوں اور 400 افراد نے حصہ لیا۔

آتشزدگی کا یہ منظر وہاں کے مکینوں اور سیاحوں نے بھی دیکھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابھی آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہوئی تاہم جس وقت آگ لگی اس وقت وہاں تزئین و آرائش کا کام جاری تھا۔ فائربگیڈ کےعملے کا کہنا ہے کہ آتش زدگی کے باعث چرچ کی چھت اور اس کا بالائی حصہ تباہ ہوگئے ہیں تاہم اسکے بنیادی ڈھانچے کو بچالیا گیا ہے۔

ادھر صدر عمانویل میکروں نے گرجا گھر میں آتش زدگی کی باعث قوم سے اپنا خطاب منسوخ کرکے نوٹرڈام گرجا گھر پہنچ گئے اور انہوں‌ نے تاریخی مذہبی مقام میں آتش زدگی کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی فوری انکوائری کا حکم دیا ہے۔

“ٹویٹر” پر صدر عمانویل نے لکھا کہ تاریخی چرچ میں آتش زدگی سے پوری قوم دکھی ہے اور میں‌ نے جو کچھ دیکھا وہ بہت تکلیف دہ ہے جسے بیان نہیں کیا جا سکتا۔