رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں تجارتی خسارہ ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا

Trade

Trade

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) رواں مالی سال 2021-22 کے پہلے 8 ماہ کے دوران ملک کا تجارتی خسارہ 32 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات نے بیرونی تجارت کے اعدادوشمار جاری کردیے ہیں جس میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ(جولائی تا فروری) میں پاکستان نے مجموعی طور پر 52 ارب 50 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی درآمدات کی ہیں اس کے مقابلے میں رواں مالی سال 8 ماہ میں 20 ارب 54 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی برآمدات کی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس لحاظ سے اس عرصے میں ملک کا تجارتی خسارہ 32 ارب ڈالر رہا ہے، ماہانہ بنیادوں پرجنوری 2022 کے مقابلے میں فروری 2022 میں برآمدات میں 7.42 فیصد کا اضافہ ہوا۔

محکمہ ادارہ شماریات کے مطابق جنوری 2022 کے مقابلے میں فروری 2022 میں درآمدات میں 2.28 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔