وزیر خارجہ کا نیوزی لینڈ کے دورے کی منسوخی میں پڑوسی ملک کے ملوث ہونے کے خدشے کا اظہار

Shah Mehmood Qureshi

Shah Mehmood Qureshi

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے پیچھے پڑوسی ملک کے ملوث ہونے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔

نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

ان کا کہنا تھا نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو تماشائیوں کے بغیر میچ کی پیشکش کی گئی تھی، کیوی ٹیم کو بس کے بجائے کیوی ہیلی کاپٹر سے اسٹیڈیم پہنچانے کی آفر بھی کی تھی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہو سکتا ہے ان کے پاس کوئی معلومات ہو جو وقت کے ساتھ سامنے آ جائے گی۔

وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا ہو سکتا ہے کسی پڑوسی ملک نے پاکستان کو زک پہنچانے کے لیے کوئی ناٹک رچایا ہو لیکن فی الحال کوئی مصدقہ اطلاع سامنے نہیں آئی ہیں۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے میچ سے کچھ دیر قبل سکیورٹی وجوہات کو جواز بناتے ہوئے اسٹیڈیم نہ جانے کا اعلان کیا جس کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز منسوخ ہو گئی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے نیوزی لینڈ کی جانب سے اچانک دورہ کرنے کو سازش قرار دیا جبکہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے معاملے کو آئی سی سی میں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔