سابق افغان سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت اور گمشدگی پر امریکا اور یورپ کی طالبان پر تنقید

Taliban

Taliban

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) افغانستان میں طالبان کے ہاتھوں سابق سکیورٹی اہلکاروں کی مبینہ ہلاکتوں کی اطلاعات پر امریکا اور مغربی ممالک نے طالبان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

امریکا سمیت یورپ نے بھی سابق اہلکاروں کی گمشدگی اور ہلاکتوں کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین، برطانیہ، امریکا اور جاپان سمیت کئی ممالک نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں سابق سکیورٹی اہلکاروں کی جبری گمشدگیاں اور ہلاکتیں رپورٹ کر رہی ہیں جس پر شدید تشویش ہے۔

بیان میں ان ممالک نے مؤقف اختیار کیا کہ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ یہ کارروائی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے اور یہ طالبان کی جانب سے عام معافی کے اعلان کے برعکس ہے۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے ایک رپورٹ پیش کی گئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ طالبان نے افغان سکیورٹی فورسز کے 100 سے زائد سابق اہلکاروں کو ہلاک اور جبری طور پر لاپتہ کیا تھا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا تھا کہ ان سابق اہلکاروں کے خاندانوں کو بھی ہدف بنایا جا رہا ہے۔