فرانس: ییلو جیکٹ مظاہرے پوری شدت سے جاری

France Protest

France Protest

پیرس (جیوڈیسک) فرانس کے دارالحکومت پیرس سمیت متعدد شہروں میں ییلو جیکٹ مظاہرین نے صدر امانوئیل ماکرون اور ان کی حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا۔

پیرس میں مظاہرین شانزے لیزے شاہراہ پر جمع ہوئے اور شہر کی طرف مارچ کی اور اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان مختصر وقت کے لئے کشیدگی ہوئی۔

مظاہرین نے پولیس پر پتھراو کیا اور خالی بوتلیں پھینکیں جس کے جواب میں پولیس نے مظاہرین کے خلاف آنسو گیس کا استعمال کیا۔

پیرس کے پولیس ڈائریکٹر کے مطابق شہر بھر میں کئے گئے مظاہروں میں 16 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

لیون شہر میں مظاہرین نے A-7 موٹر وے کو بند کر دیا جس کی وجہ سے ٹریفک جام کے مسئلے کا سامنا ہوا۔

بورڈیو، ٹولوز، مارسے،نانٹ، نیس، سٹراس برگ اور سانٹ ایٹئین جیسے شہروں میں بھی مظاہرے کئے گئے۔

وزارت داخلہ کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق پیرس میں 3 ہزار مظاہرین سمیت ملک بھر کے مظاہروں میں 10 ہزار 200 سے زائد افراد نے مظاہروں میں شرکت کی۔

واضح رہے کہ فرانس میں ییلو جیکٹ مظاہرے 17 نومبر 2018 سے جاری ہیں اور حالیہ سالوں کے سخت ترین مظاہروں کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔

مظاہروں کے دوران 11 افراد ہلاک اور 2 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں ۔

مظاہروں میں آٹھ ہزار 400 افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں سے 1796 کو سزائے قید سنائی گئی ہے۔