فرانس: ییلو جیکٹ مظاہرین ایک دفعہ پھر سڑکوں پر نکل آئے

France Protesters

France Protesters

پیرس (جیوڈیسک) فرانس میں دارالحکومت پیرس سمیت متعدد شہروں میں حکومت مخالف ییلو جیکٹ مظاہرین اپنی آواز انتظامیہ تک پہنچانے کے لئے ایک دفعہ پھر سڑکوں پر نکل آئے۔

مظاہرین پیرس میں وزارت اقتصادیات کے قریب بیٹائلون ڈی پیسیفک اسکوائر میں جمع ہوئے اور شانزے لیزے شاہراہ کی طرف مارچ کی۔

مارچ کے دوران پولیس نے پتھراو کرنے والے مظاہرین کے خلاف آنسو گیس اور تیز دھار پانی کا استعمال کیا اور انہیں شانزے لیزے شاہراہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔

مظاہرہ شام تک جاری رہا اور اس کے بعد مظاہرین کے منتشر ہونے پر اختتام پذیر ہو گیا۔

مظاہرے کے دوران چند مظاہرین زخمی ہوئے اور پولیس نے 121 مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔

وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پیرس کے مظاہروں میں مظاہرین کی تعداد 8 ہزار تھی جبکہ ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں میں مظاہرین کی کُل تعداد 84 ہزار افراد تھی۔

واضح رہے کہ مذکورہ مظاہرے 17 نومبر کو ملک میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور خراب اقتصادی شرائط کے خلاف شروع ہوئے لیکن بعد ازاں ماکرون انتظامیہ مخالف مظاہروں کی شکل اختیار کر گئے مظاہروں کا سلسلہ 9 ویں ہفتے میں داخل ہو چکا ہے۔