فرانس: ییلو جیکٹ مظاہرین دوبارہ سڑکوں پر

France Protesters

France Protesters

پیرس (جیوڈیسک) فرانس میں ییلو جیکٹ مظاہروں کے 34 ویں ہفتے میں امانوئیل ماکرون انتظامیہ کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کے لئے مظاہرین ایک دفعہ پھر سڑکوں پر آ گئے۔

مظاہرین پیرس کے ریپبلک اسکوائر میں جمع ہوئے اور کیٹالون اسکوائر تک مارچ کی۔

سکیورٹی فورسز کے سخت حفاظتی اقدامات کے ساتھ مظاہرہ پُر امن رہا۔

گذشتہ ہفتوں کی طرح اس ہفتے بھی پولیس نے شانزے لیزے اسکوائر، قومی اسمبلی اور 15 اپریل کو آتشزدگی سے متاثرہ کلیسے نوٹر ڈیم کے اطراف میں مظاہرے کی اجازت نہیں دی۔

لیون اور مونٹ پیلر میں منعقدہ مظاہروں میں مظاہرین نے صدر امانوئیل ماکرون سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔

ٹولوس میں پولیس کے تشدد کے خلاف ردعمل ظاہر کرنے والے مظاہرین کے خلاف پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

وزارت داخلہ نے ملک بھر میں منعقدہ مظاہروں میں شرکت کی تعداد کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔

واضح رہے کہ فرانس میں ییلو جیکٹ مظاہرے 17 نومبر 2018 کو شروع ہوئے اور ابھی تک جاری ہیں۔