فرانسیسی صدر کا ایران میں گرفتار اپنے شہریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ

Emmanuel Macron

Emmanuel Macron

فرانس (اصل میڈیا ڈیسک) فرانسیسی صدر عمانویل میکروں نے کہا ہے کہ ایران نے ان کے دو شہریوں کو بلا وجہ حراست میں لے رکھا ہے۔وہ یہ توقع نہیں کر سکتے ہیں کہ فرانسیسی شہریوں کو تہران میں گرفتار کیا جائے۔ ہم تہران حکومت سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہمارے شہریوں کو فوری طور پر رہا کرے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کرنا چاہتا ہے اور اس کے لیے دونوں ملکوں کو لچک دکھانے کی ضرورتی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ‘ٹویٹر’ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے لیے مختص آج کے دن میرا دل ایران میں قید ہمارے ان دو شہریوں کی طرف متوجہ ہے۔ فاریپا عادلخاہ اور رولان مارشل کو بغیر کسی جرم کے ایران میں حراست میں لیا گیا ہے۔ میں ایرانی حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ہمارے شہریوں کو فوری طور پر رہا کرے۔

فرانسیسی صدر نے کہا کہ دونوں شہریوں کی ایران میں قید ناقابل قبول ہے۔ انہیں بلا تاخیر رہا کیا جائے۔ میں نے اس حوالے سے صدر حسن روحانی بھی بات کی ہے۔

خیال رہے کہ فرانس نے پیرس انسٹیٹیوٹ آف پولیٹیکل اسٹڈیز کے سینیر محقق مارشل کے وسط اکتوبر میں گرفتاری کی اطلاع دی تھی ، جبکہ ان کے فرانسیسی – ایرانی ساتھی کو رواں سال جون میں گرفتار کیا گیا تھا۔

فرانسیسی وزارت خارجہ نے پچھلے اکتوبر میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ایران نے ایک فرانسیسی محقق رولینڈ مارشل کو حراست میں لیا ہے۔ وزارت خارجہ نے تہران کو گرفتاری شہری تک قونصلر کی رسائی کا مطالبہ کیا تھا۔