قذافی اسٹیڈیم میں 13سال قبل کے بال پکر بابر اعظم قومی ٹیم کی قیادت کیلیے تیار

Babar Azam

Babar Azam

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) قذافی اسٹیڈیم میں 13 سال قبل کے بال پکر بابر اعظم قومی ٹیم کی قیادت کیلیے تیار ہیں۔

بابراعظم نے ستمبر 2016 میں انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا، اس وقت آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں وہ پہلے، ون ڈے میں تیسرے اور ٹیسٹ میں ساتویں نمبر پر ہیں، ان کو ستمبر 2019 میں ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

بابراعظم نے پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہاکہ13 سال قبل کا واقعہ آج بھی کل کی بات لگتی ہے، نامور کرکٹرز کو دیکھنے کیلیے روزانہ 3 میل پیدل چل کر گھر سے قذافی اسٹیڈیم پہنچتا تھا، کرکٹ سے محبت اور لگن نے ہی آج اس مقام تک پہنچایا ہے، کوشش ہوگی کہ مستقبل میں پرستاروں کی توقعات پر پورا اتروں۔

انھوں نے کہا کہ ہوم کراؤڈ کا جوش اور ولولہ حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنتا ہے، بنگلادیش کیخلاف سیریز میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت اعزاز ہے، منتخب اسکواڈ بہترین سینئر اور باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، شعیب ملک اور محمد حفیظ کی کی موجودگی جونیئرز کیلیے مفید ثابت ہوگی، اگرچہ گذشتہ 9 میں سے 8ٹی ٹوئنٹی میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا مگر یقین ہے کہ پاکستان ٹیم مختصر فارمیٹ میں بہترین نتائج دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔