جرمنی: کووڈ انیس کے یومیہ کیسز ڈھائی لاکھ سے تجاوز کر گئے

Coronavirus

Coronavirus

برلن (اصل میڈیا ڈیسک) جرمنی میں پہلی بار چوبیس گھنٹوں کے اندر کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی بیماری کووڈ انیس کے ڈھائی لاکھ سے زائد کیسز رجسٹر ہوئے۔

جرمنی میں پہلی بار ایک دن کے اندر اندر کووڈ انیس کا شکار ہونے والوں کی تعداد ڈھائی لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ اس طرح کورونا وبائی مرض کے پھیلاؤ کے بعد سے اب تک یورپی ملک جرمنی میں اس انفیکشن سے متاثر ہونے والوں کی تعداد پہلی بار ڈھائی لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

جرمن دارالحکومت برلن میں قائم متعدی امراض کے تحقیقی ادارے رابرٹ کاخ انسٹیٹیوٹ (RKI) نے جمعرات کو جو تازہ ترین اعداد و شمار جاری کیے ہیں اُن سے پتہ چلا ہے کہ جرمنی میں پہلی بار کورونا انفیکشن سے اتنی بڑی تعداد میں جرمن باشندے متاثر ہوئے ہیں۔

انسٹیٹیوٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو لاکھ باسٹھ ہزار سات سو باون افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے۔ اس تصدیق شدہ تعداد کی بنا پر کہا جا رہا ہے کہ یہ تعداد ایک ہفتہ پہلے ریکارڈ کی گئی تعداد سے کہیں زیادہ ہے۔ رابرٹ کاخ انسٹیٹیوٹ کے اندازوں سے انکشاف ہوا کہ جرمنی میں گزشتہ ہفتے کووڈ انیس کے نئے مریضوں کی تعداد دو لاکھ دس ہزار،چھ سو تہتر ریکارڈ کی گئی تھی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں کے دوران کووڈ انیس کیسز کی تعداد میں مزید اضافے کے قوی امکانات پائے جاتے ہیں کیونکہ جرمنی میں پچھلے دنوں بہت سے کورونا ٹیسٹ سینٹرز میں ٹیسٹ کی سہولیات بہت محدود تھیں۔

برلن کے معروف رابرٹ کاخ انسٹیٹیوٹ نے مزید یہ بھی کہا کہ ملک بھر میں بدھ کے روز کووڈ انیس کا شکار ہو کر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بھی 259 تک پہنچ گئی یعنی اس موذی وائرس کے محض ایک روز کے اندر 259 ہلاک ہوئے۔ متعدی بیماریوں پر تحقیق کے ادارے (RKI) نے گزشتہ سات دنوں کے اعداد و شمار پر مشتمل رپورٹ کے مطابق فی ایک لاکھ آبادی میں کورونا کے نئے کیسز کی ہفتہ وار تعداد واضح اضافے کے ساتھ 1,388.5 ہو گئی ہے۔ اس میں محض بُدھ کو 1,319 کیسز کا اضافہ ہوا۔ وبائی مرض کووڈ انیس کے پھیلاؤ کے آغاز سے اب تک جرمنی میں ساڑھے سولہ ملین افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چُکے ہیں جبکہ اس ملک میں کورونا موذی وبا اب تک ایک لاکھ پچیس ہزار تیئیس متاثرہ افراد کی جان لے چُکی ہے۔