جرمنی میں خطرناک سمندری طوفان کی آمد

Germany Hurricane

Germany Hurricane

کولون (اصل میڈیا ڈیسک) جرمنی کے بعض حصوں میں اتوار نو فروری کو ایک طاقتور سمندری طوفان داخل ہو رہا ہے۔ عام لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کا کہا گیا ہے۔ اس کے علاوہ غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اتوار نو فروری کی رات سے منگل تک جرمنی کے شمالی اور مغربی علاقوں میں ایک طوفان آ رہا ہے۔ طاقتور جھکڑ اور امکاناً موسلا دھار بارش ان علاقوں کو اپنی گرفت میں لے لیں گے۔ اس دوران شدید آسمانی بجلی چمکنے کا بھی قوی امکان ہے۔

سمندری طوفان زابینے کے ساتھ چلنے والی تیز ہواؤں کی رفتار ایک سو بیس کلو میٹر فی گھنٹہ ہو گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جھکڑوں اور بارشوں کے سلسلے کا آغاز اتوار نو فروری کی شام سے شروع ہو جائے گا اور اس میں بتدریج شدت پیدا ہو جائے گی۔

جرمنی کے گنجان آباد صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہروں کولون اور بون کے تعلیمی اداروں نے اپنے طلبہ کو گھروں پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔ اس مناسبت سے تعلیمی اداروں کے سربراہوں کی جانب سے والدین کو آن لائن مطلع کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح عام لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اتوار سے منگل تک گاڑیوں پر سفر سے اجتناب برتیں اور اپنے تجویز کردہ سفر کو ملتوی کر دیں۔ جرمن محکمہ موسمیات نے اس طوفان کو خاصا خطرناک قرار دیا ہے۔

ریل گاڑیوں کو زابینے طوفان کے جھکڑ اور بارش شدید متاثر کر سکتے ہیں۔ اس باعث شمالی اور مغربی جرمنی میں ٹرین سروس میں خلل پیدا ہونے کا یقینی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

زابینے طوفان بحر اوقیانوس سے اٹھ رہا ہے اور جرمن علاقوں میں داخل ہونے کے بعد بتدریج جنوب کی طرف بڑھتا جائے گا اور اس طرح باویریا کا وسیع علاقہ سمندری طوفان کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔ باویریا کے علاقے میں یہ طوفان پیر کی رات میں داخل ہو جائے گا۔ ماہرین موسمیات کے مطابق پیر کی شام سے موسم بہتر ہونا شروع ہو جائے گا۔