گولیمار میں منہدم عمارتوں کے ملبے سے مزید 3 لاشیں برآمد، تعداد 23 ہو گئی

Rescue

Rescue

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) گولیمار میں منہدم ہونے والی رہائشی عمارتوں کے ملبے سے ماں اور بچے سمیت مزید 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔

5 مارچ کو رضویہ سوسائٹی کے قریب گولیمار نمبر 2 میں تین رہائشی عمارتیں گر گئی تھیں جس کے باعث اب تک جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 23 ہو چکی ہے جب کہ 30 کے قریب افراد زخمی ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے سے مزید 3 لاشیں نکال لی گئی ہیں جس میں ایک ماں اور بچے کی لاش بھی ہے۔

تاہم ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کے خدشے کے پیش نظر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کہتے ہیں عمارت گرنے کی تحقیقات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کے ذمے دار ایس بی سی اے کے افسران کو معطل کیا گیا ہے، تحقیقات کے بعد مزید ذمہ داروں کے خلاف بھی کارروائی بھی ہو گی۔

رپورٹ کے مطابق 40 گز کے پلاٹ پر بنی پانچ منزلہ عمارت پر اس کا مالک چھٹی منزل بھی بنا رہا تھا کہ پوری عمارت گر گئی جس کی زد میں دیگر دو عمارتیں بھی آگئیں۔

قریب موجود چوتھی عمارت کو بھی مخدوش قرار دیا گیا ہے۔ پاک فوج کے جوان اور دیگر ادارے ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں جب کہ تنگ گلیوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ملبہ ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری استعمال کی جا رہی ہے جب کہ ملبے تلے اب بھی کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر ملبہ ہٹانے کا کام احتیاط سے کیا جا رہا ہے۔