حکومت الیکٹڈ نہیں سلیکٹڈ ہے: بلاول کی تنقید

Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ معاشی پالیسی کا خلاء ہے کیونکہ یہ حکومت الیکٹڈ نہیں سلیکٹڈ ہے۔

ملتان ہائیکورٹ بار میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ پاکستان کی وکلاء برادری ملک کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے مسائل کا حل تب ہی کرسکتے ہیں جب جمہوریت کا تحفظ ہوگا، ہر شعبہ اور ہر طبقہ بد سے بد تر ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ معاشی پالیسی کا خلاء ہے کیونکہ یہ حکومت الیکٹڈ نہیں سلیکٹڈ ہے، ان کا کام صرف سلیکٹرز کو خوش رکھنا ہے، مسائل کا حل صرف عوام کے منتخب نمائندے کرسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے قانون میں ظالم کو انصاف ملتا ہے، مظلوم کو نہیں، پاکستان کو پہلا جمہوری متفقہ آئین شہید ذوالفقار علی بھٹو نے دیا اور انہی عدالتوں نے ذوالفقار علی بھٹو کو تختہ دار پر لٹکا دیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ صدر زرداری نے 10 سال قبل صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ بھیجاکہ ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کی انکوائری کی جائے اور ہم آج تک اس انتظار میں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ زرداری صاحب نے ساڑھے 11سال بغیر کسی جرم جیل کاٹی، صرف مقصد بے نظیر بھٹو کو بلیک میل کرنا تھا، سابق صدر زرداری بغیر کسی جرم جیل میں ہیں ، ہم اپنے کارکنوں کو کیا جواب دیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) بلا امتیاز احتساب کی بات کریں تو اس کی ویڈیوز آجاتی ہیں، مشرف کے غیر جمہوری دور نے وفاق کی بنیاد ہلائی، آج پھر سے ججز پر حملے ہو رہے ہیں، یہ کل بھی اور آج بھی غیر جمہوری اقدام تھے اور ہیں، ان حملوں کے خلاف مزاحمت کریں گے۔

خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری تنظیمی دورے پر ملتان میں ہیں اور گزشتہ روز بھی کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کیا تھا۔