حکومت کے دن گنے جا چکے، جعلی وزیراعظم کے گھر جانے کی باری بھی آ گئی: مریم نواز

Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے جعلی حکومت کے دن گنے جا چکے اور جعلی وزیراعظم کے گھر جانے کی باری بھی آ گئی ہے۔

مریم نواز کا عوامی رابطہ مہم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عوام نے لاہور کے جلسے کا آغاز آج سے ہی کر دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا تابعدار خان کل کہہ رہے تھے کہ لاہور کا جلسہ نہیں روکوں گا، انہیں پتہ تھا کہ لاہور کا جلسہ نہیں رکے گا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ وہ کہہ رہے تھے جلسہ نہیں روکوں گا مگر کرسیاں نہیں دیں گے، داروغہ والے کے کارکنوں کو کرسیوں کی ضرورت ہی نہیں ہے۔

انہوں نے عوام سے پوچھا کہ یہ بتایئے جعلی حکومت روکے گی تو رک جاؤ گے؟ اگر مینار پاکستان میں جلسہ کی اجازت نہ ملی تو جلسہ کرو گے؟

نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ اگر ملتان میں جلسہ ہو سکتا ہے تو لاہور تو پھر لاہور ہے، لاہور نے قوم کو میاں نواز شریف جیسا بیٹا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا لاہور کے جلسے کو آخر میں اس لیے رکھا گیا کیونکہ یہ فیصلہ کن ہو گا، جعلی حکومت کے جانے کے دن گنے جا چکے، جعلی وزیراعظم کے گھر جانے کی باری بھی آ گئی، حکومت کو گھر بھجوانے کی ذمہ داری لاہور پر ڈالی ہے۔

لاہور کے جلسے کو آخر میں اس لیے رکھا گیا کیونکہ یہ فیصلہ کن ہو گا، جعلی حکومت کے جانے کے دن گنے جا چکے، مریم — فوٹو: پی ڈی ایم ٹوئٹر

خیال رہے کہ اپوزیشن کے حکومت مخالف سیاسی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) نے 13 دسمبر کو لاہور میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم حکومت پنجاب نے پی ڈی ایم کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔