حکومت کی جڑیں کٹ گئیں اب ایک جھٹکے سے ختم ہو جائیگی، فضل الرحمان

Maulana Fazlur Rehman

Maulana Fazlur Rehman

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسلام آباد مارچ سے حکومت کی جڑیں کٹ گئیں اب حکومت ایک جھٹکے سے ختم ہو جائے گی۔

نوشہرہ میں احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک بھرمیں ملین مارچ کرکے کروڑوں لوگوں سے رابطہ کیا، اسلام آباد میں آزادی مارچ شروع کیا جو دو ہفتے جاری رہا، مارچ سے حکومت کی جڑیں کٹ گئیں اور اب حکومت ایک جھٹکے سے ختم ہوجائے گی۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں یہودی راج نہیں مانتے اسلامی تشخص برقرار رکھیں گے، ملک تباہی کی طرف جارہا ہے اسے ہم بچائیں گے، ٹماٹر چار سو روپے کلو ہیں اور ہمارے وزیرخزانہ کو معلوم ہی نہیں۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے اور ہم نے ثابت کردیا کہ ہم پورا ملک بند کر سکتے ہیں، اب چند دنوں کے بعد شہروں کے اندر بھی احتجاج شروع کردیا جائے گا، عوام کو سڑکوں کی بندش سے تکلیف ضرور ہے لیکن یہ تکلیف ناجائز حکومت کے خاتمے کے لیے ہے، ہم پاکستان کو افغانستان، عراق اور لیبیا نہیں بنانا چاہتے بلکہ عوامی قوت سے حکومت کو چلتا کریں گے۔