حکومت کو بزور طاقت بلیک میل نہیں کیا جا سکتا: فواد چوہدری

Fawad Chaudhry

Fawad Chaudhry

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے بہترین حکمت عملی سے پرتشدد مظاہروں کو ناکام بنایا لہٰذا حکومت کو بزور طاقت بلیک میل نہیں کیا جا سکتا۔

ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب سے 2359، خیبر پختونخوا سے 370 اور سندھ سے 285 مظاہرین کو گرفتار کیا گیا جب کہ پرتشدد مظاہروں کے دوران پنجاب میں 2 اہلکار شہید 2 اغوا اور 673 زخمی ہوئے، اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں 3 اور سندھ میں 12 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے بہترین حکمت عملی سے پرتشدد مظاہروں کو ناکام بنایا، حکومت کو بزور طاقت بلیک میل نہیں کیا جاسکتا، پولیس اور اداروں پر تشدد میں ملوث مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، شرپسند عناصر اپنے مذموم ارادوں میں ناکام و نامراد ہوں گے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آج ملک بھر میں اہم شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں رہی، عوام نے رمضان کے پہلے جمعہ کی نماز پرامن ماحول میں ادا کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تین گھنٹے سوشل میڈیا کی بندش پر افسوس ہے، اس پر معذرت خواہ ہیں، پوری کوشش ہوگی کہ آئندہ سوشل میڈیا بند نہ ہو، حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کررہی ہے، امن و امان کے قیام کیلئے وزارت داخلہ، وزارت مذہبی امور، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس، صوبائی حکومتوں کا کردار قابل تعریف ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ناموس رسالتؐ کے تحفظ کے لیے وزیراعظم کی عالمی سطح پر کاوشیں جاری رہیں گی۔