حکومت نے تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کیلئے حکمت عملی تیار کر لی

Meeting

Meeting

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) اسپیکر ہاوس اسلام آباد میں تحریک عدم اعتماد اور قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے معاملے پر کابینہ ارکان کے مابین تفصیلی مشاورت ہوئی ہے جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ووٹنگ والے دن حکومتی ارکان کو اجلاس میں نہ جانے کی ہدایات جاری کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک عدم اعتماد کے دن قومی اسمبلی ایوان میں حکومت کا صرف ایک رکن شریک ہو گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آرٹیکل 63 اے کے تحت منحرف حکومتی ارکان کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ ووٹنگ والے دن پارلیمنٹ میں آنے والے حکومتی ارکان کے خلاف چیئرمین تحریک انصاف اسپیکر قومی اسمبلی کو ریفرنس کے حوالے سے مراسلہ بھی تحریر کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان دورہ کراچی مکمل کرکے اسلام آباد واپس پہنچ گئے اور بنی گالا میں حکومتی ارکان سے ملاقاتیں کی ہیں۔ اراکینِ قومی اسمبلی عامر طلال گوپانگ، رضا نصراللہ گھمن، خان محمد جمالی، حاجی امتیاز، فیض الحسن شاہ نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔

ملاقاتوں میں ملکی سیاسی صورتحال، متعلقہ حلقوں کے مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی گئی۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات ہوئی اور اراکین اسمبلی نے وزیر اعظم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے

عامر ڈوگر نے وزیر اعظم عمران خان کے حوالے سے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک کو شکست فاش ہوگی اور جیت تحریک انصاف اور عمران خان کے نظریے کی ہو گی۔