حکومت پنجاب کا پی ڈی ایم کو جلسوں کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ

PDM Jalsa

PDM Jalsa

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) حکومت پنجاب کی جانب سے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو جلسوں کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کورونا کی بگڑتی صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے حکومت پنجاب نے پی ڈی ایم کے لاہور اور ملتان کے جلسوں کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت پنجاب کے مطابق تحریری اجازت کے بغیر جلسے کرنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم آج حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باوجود پشاور میں جلسہ کر رہی ہے۔

پشاور میں جلسہ منسوخ نہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزراء سمیت حکومتی اراکین نے پی ڈی ایم پر کڑی تنقید بھی کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ یہ وہی پی ڈی ایم ہے جو سخت لاک ڈاؤن چاہتی تھی، پہلے یہ حکومت پر تنقید کرتے تھے اور اب لوگوں کی صحت کے ساتھ لاپروائی کا سیاسی کھیل کھیل رہے ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا تھا کہ کورونا پر عدالتی فیصلے کی حکم عدولی کی جا رہی ہے، جلسہ ایسے وقت کیا جا رہا جب کورونا کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں ایک دن میں کورونا سے مزید 59 افراد انتقال کر گئے جب کہ مزید 2 ہزار 665 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور کورونا سے مرنے والوں کی کُل تعداد 7 ہزار 662 ہو گئی ہے۔