سرکاری حج اسکیم کی قرعہ اندازی، ایک لاکھ سے زائد خوش نصیبوں کے ناموں کا اعلان

Hajj

Hajj

اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے سرکاری اسکیم کے تحت حج پر جانے والوں کے لیے قرعہ اندازی کردی جس میں ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد خوش نصیبوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے قرعہ اندازی کا افتتاح کیا اور قرعہ اندازی مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ کی گئی جو آج رات تک مکمل ہوگی جب کہ خوش نصیبوں کو بذریعہ ایس ایم ایس آگاہ کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نور الحق قادری نے بتایا کہ مسلسل تین سال سے ناکام 12 ہزار عازمین بغیر قرعہ اندازی کامیاب قرار پائے، 80 سے 90 سال عمر کے 2 ہزار عازمین کی درخواستیں موصول ہوئیں، بزرگ خاتون عازمین کے ساتھ 2 معاونین بھجوائے جائیں گے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت سب سے زیادہ پنجاب سے سب سے زیادہ ایک لاکھ 8 ہزار 6 درخواستیں آئیں جب کہ سندھ سے 49 ہزار 343، خیبرپختونخوا سے 40 ہزار 752 اور بلوچستان سے 10 ہزار 258 درخواستیں موصول ہوئیں۔

کشمیر سے 2 ہزار 316، فاٹا سے 4 ہزار 314 اور گلگت بلتستان سے 2 ہزار 422 درخواستیں آئیں۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق مجموعی طور پر 2 لاکھ 16 ہزار 623 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے مرد عازمین کی ایک لاکھ 23 ہزار700 اور خواتین کی 92 ہزار923 درخواستیں ملیں۔

اس مرتبہ ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے جس میں سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 اور نجی اسکیم کے ذریعے 71 ہزار 684 عازمین حجاز مقدس جائیں گے۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج اخراجات 4 لاکھ 36 ہزار975 روپے مقرر کیے گئے ہیں اور حاجیوں کو قربانی کے لیے 19 ہزار 451 روپے الگ سے ادا کرنا ہوں گے۔

واضح رہےکہ گزشتہ سال سرکاری حج اسکیم کے تحت وصول درخواستوں کی تعداد 3 لاکھ 74 ہزار 857 تھی جن کی قرعہ اندازی کی گئی۔