گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا بینکنگ نظام کو جلد ڈیجیٹل کرنے کا اعلان

State Bank

State Bank

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر رضا باقر نے کہا ہے کہ بینکنگ سیکٹر میں ٹیکنالوجی لانا چاہتے ہیں، پانچ ڈیجیٹل بینکوں کو جلد لائسنس جاری کریں گے جس کے بعد بینکنگ کا نظام ڈیجیٹل ہو جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی لٹریچر فیسٹیول میں گفتگو کرتے ہوئے رضا باقر نے کہا کہ تیس مارچ تک ڈیجیٹل بینکنگ لائسنس کے لیے بینکوں سے درخواستیں وصول کررہے ہیں، اس کے بعد پانچ بینکوں کو جلد ڈیجیٹل لائسنس جاری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ صارفین کیلئےمسابقت بڑھ جائے، اس کے تحت ہم نے عام موبائل کے ذریعےآسان موبائل اکاؤنٹ کی سہولت متعارف کروائی، اب اسمارٹ فون کے ذریعے بھی اکاؤنٹ کھولاجاسکتا ہے۔

رضا باقر کا کہنا تھا کہ خواتین کیلئےآسان ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی سہولت متعارف کروائی، راست کے ذریعے صارفین موبائل فونز پر بینک کی تمام سہولیات حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بینکنگ سیکٹر میں مسابقت بڑھانا چاہتے ہیں، ڈیجیٹل بینکنگ کا نظام متعارف ہونے کے بعد صارفین کو بینک جانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔