یونانی فیکٹری میں گیس کے باعث دم گھٹنے سے پاکستانی شہری ہلاک

Protest

Protest

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) یونان کی ایک فیکٹری میں گیس کی وجہ سے دم گھٹنے کے باعث کم از کم ایک پاکستانی شہری ہلاک ہو گیا ہے۔ ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانے نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔ قبل ازیں یونانی میڈیا نے متعدد پاکستانیوں کی ہلاکت کی خبر دی تھی۔

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی طرف سے ہفتہ اکیس دسمبر کو جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق یہ واقعہ یونانی دارالحکومت ایتھنز سے تقریباﹰ پچاس کلومیٹر دور واقع ایک چھوٹے سے شہر میں قائم ایک فیکٹری میں جمعرات 19 دسمبر کو پیش آیا۔

اس واقعے کے بعد یونانی ذرائع ابلاغ نے متعدد پاکستانیوں کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔ لیکن اسلام آباد میں ملکی دفتر خارجہ کے مطابق دستیاب معلومات سے اب تک یہ تصدیق ہوئی ہے کہ اس فیکٹری میں زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے کے نتیجے میں مجموعی طور پر چار افراد کی موت واقع ہو گئی۔

اس واقعے کے بعد ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانہ کالیویا (Kalivia) نامی شہر میں مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ آخری خبریں آنے تک یہ تصدیق ہو چکی ہے کہ مرنے والوں میں سے کم از کم ایک پاکستانی شہری تھا جبکہ باقی تین ہلاک شدگان کی شناخت کا تعین ابھی کیا جا رہا ہے۔

یونانی میڈیا کی رپورٹوں کے تناظر میں یہ امکان ابھی اپنی جگہ ہے کہ باقی تین ہلاک شدگان بھی شاید پاکستانی شہری ہی تھے یا پھر وہ ممکنہ طور پر پاکستانی نژاد یونانی شہری بھی ہو سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں دفتر خارجہ نے کالیویا کی اس فیکٹری میں ہلاک ہو جانے والے پاکستانی شہری یا شہریوں کے اہل خانہ کے لیے اپنے عملے کے اس رکن کا نام بھی جاری کر دیا ہے، جس سے متاثرہ خاندان رابطہ کر سکتے ہیں۔ یہ معلومات ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانے کے اہلکار عبدالوحید سے ٹیلی فون نمبر 00306940070793 پر رابطہ کر سکے حاصل کی جا سکتی ہیں۔