گجرانوالہ: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کی رقم چُرانے والا ملزم گرفتار

Suspect Asif Iqbal

Suspect Asif Iqbal

گجرانوالہ (جیوڈیسک) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کے بینک اکاؤنٹس سے جعل سازی کرکے رقم چرانے والے ملزم کو ساتھی خاتون سمیت گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف اقبال کے مطابق ملزم وسیم فاروق لاہور میں نجی بینک کی ڈیفنس برانچ کا سینئر مینیجر ہے۔

آصف اقبال کے مطابق مذکورہ برانچ کے پاس بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا پورے پاکستان کا ڈیٹا موجود تھا اور ملزم صارفین کے ڈیٹا کا کسٹوڈین تھا، جہاں سے اُس نے اکاؤنٹ ہولڈرز کا ڈیٹا حاصل کیا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف اقبال نے بتایا کہ ملزم نے مستحقین کے جعلی اے ٹی ایم کارڈز بنا رکھے تھے، جن کے ذریعے وہ رقم نکالا کرتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم کو اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ گجرانوالہ کے بینک میں اے ٹی ایم کارڈ استعمال کرنے آیا تھا۔

ایف آئی اے حکام کے مابق ملزم کے قبضے سے 100 سے زائد اے ٹی ایم کارڈز برآمد ہوئے۔

حکام کے مطابق ملزم کے پاس اے ٹی ایم کارڈ بنانے والی ڈیوائس بھی موجود ہے اور بینک کے اے ٹی ایم کارڈز اس کی نگرانی میں بنتے تھے۔