گوجرانوالہ؛ مسافر وین میں آتشزدگی سے 10 افراد جاں بحق

Gujranwala Van Fire

Gujranwala Van Fire

گوجرانوالہ (اصل میڈیا ڈیسک) مسافر وین میں آتشزدگی سے 10 افراد جھلس کر جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔

گوجرانوالہ میں ڈی سی کالونی کے قریب مسافر وین میں شارٹ سرکٹ سے آتشزدگی سے 10 افراد جھلس کر موقع پر ہی جاں بحق جب کہ سات شدید زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، ریسکیو ٹیم نے لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا۔ وین میں آتشزدگی کے باعث جی ٹی سڑک بلاک ہوگئی۔

ریسکیو ٹیم کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سلنڈر بھی موجود تھا جس کا پھٹنا ثابت نہیں ہوا، حادثہ کے بعد وین کا سلنڈر محفوظ نکلا، حادثہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے پیش آیا۔

ڈی ایچ کیو اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ زخمیوں کے ناموں کے لیے ڈی ایچ کیو الگ سے کاونٹر قائم کردیا گیا، ریسکیو اور اسپتال کی اکٹھی تفصیلات کاونٹر سے مل سکیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وین میں سلنڈر پھٹنے سے انسانی جانوں کی ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اور آر پی او سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔