الخدمت ہیلتھ فاوَنڈیشن کے تحت بونیر میں 20بستروں کے ہسپتال کا افتتاح

 Alkhidmat Hospital in Bunir

Alkhidmat Hospital in Bunir

راولپنڈی : الخدمت ہیلتھ فاوَنڈیشن کے تحت فرینڈز آف الخدمت سعودی عرب کے تعاون سے بونیر میں 20بستروں کے ہسپتال کا افتتاح کردیا گیا ۔ الخدمت فاوَنڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت بونیر ہسپتال کا قیام بونیر میں صحت عامہ کی سستی اورمعیاری سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت ہے ۔ اس ہسپتال میں آپریشن تھیٹر، لیبر روم، نرسری، جنرل اور پرائیویٹ وارڈز، مائنر ایمرجنسی، لیبارٹری، ای سی جی، الٹراساوَنڈ، ایکسرے، فارمیسی اور ایمبولینس سروس کی سہولت 24گھنٹے میسر ہو گی۔

ہسپتال میں مہیا کی جانے والی تمام تر سہولیات مارکیٹ سے 50فیصد کم ریٹ پر مہیا کی جائیں گی۔ 20بستروں پر مشتمل ہسپتال کی تعمیر پر 4کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ اس کے علاوہ زکواۃ کے مستحق نادار مریضوں کا علاج مفت کیا جائے گا۔

افتتاحی تقریب میں الخدمت خیبرپختونخواکے صدر خالد وقاص،ہیلتھ منیجر طارق وحید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بونیرجاوید اقبال، سابق صوبائی وزیرحاجی حبیب الرحمٰن خان،سابق اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بخت جہان خان،ممتاز ماہر امراضِ قلب پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک،معروف سماجی شخصیت مولانا حبیب الرحمن اوردیگر الخدمت کے ذمہ داران اور معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔