محکمہ داخلہ پنجاب کی ڈسکہ الیکشن رمضان کے بعد کرانے کی درخواست

Daska Election

Daska Election

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن سے متعلق محکمہ داخلہ پنجاب کا الیکشن کمیشن کو لکھا گیا خط سامنے آگیا۔

پنجاب حکومت نے ڈسکہ میں کشیدہ حالات کے باعث رمضان کے بعددوبارہ انتخابات کرانے کی درخواست کی ہے۔

محکمہ داخلہ کے خط میں کہا گیا ہےکہ پولنگ کے دوران پر تشدد واقعات میں 2 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے تھے اس لیے ڈسکہ این اے 75 میں تاحال کشیدگی برقرار ہے اور عوام میں پایا جانے والا خوف دوبارہ انتخابات کا ٹرن آؤٹ متاثر کرسکتا ہے۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہےکہ سیاسی جماعتوں کے باہر سےلائے گئے مسلح افراد دوبارہ پولنگ میں متحرک ہوسکتے ہیں، ڈسکہ میں نئی انتظامیہ کوپرامن انتخابات کرانے کے لیے وقت درکارہے اور ڈسکہ میں حالات معمول پر لانے میں وقت لگے گا۔

واضح رہےکہ الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ کے الیکشن کو بدنظمی کی بنا پر کالعدم قرار دیا تھا اور حلقے میں 10 اپریل کو دوبارہ پولنگ کا حکم دیا ہے جب کہ تحریک انصاف کے امیدوار نے الیکشن کمیشن کےفیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔