وطن واپسی کے دوران وزیراعظم عمران خان کی دوحا میں قطری ہم منصب سے ملاقات

Imran Khan Meeting

Imran Khan Meeting

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان تین روزہ دورہ امریکا مکمل کر کے واپس وطن روانہ ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے امریکا سے وطن واپسی کے دوران دوحا میں مختصر قیام کیا، قطری ہم منصب شیخ عبداللہ بن نصر نےعمران خان کا حَمَد ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔

اطلاعات کے مطابق قطری وزیراعظم نے عمران خان کو اپنی رہائشگاہ بھی مدعو کیا جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے برادر ملکوں کی دیرینہ دوستی اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مختلف امور پر بات چیت کی۔ عبدالرزاق داؤد، زلفی بخاری اور سیکریٹری خارجہ بھی وزیر اعظم کے ساتھ تھے۔

امریکا روانگی کے موقع پر بھی دوحا ائیرپورٹ پر وزیراعظم عمران خان سے قطر ائیرویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ملاقات کی تھی۔

وزیر اعظم کے اعزاز میں قطری ہم منصب شیخ عبداللہ بن نصر الثانی نے عشائیہ بھی دیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور قطر کا زراعت، سیاحت و دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا جبکہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ہوا بازی میں بھی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امیر قطر کا حالیہ دورہ پاکستان بہت اہم تھا، پاکستان کی اقتصادی معاونت پر قطر کے شکر گزار ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 21 سے 23 جولائی تک امریکا کا تین روزہ سرکاری دورہ کیا۔

اس دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو، امریکی اراکین کانگریس کے علاوہ پاکستانی نژاد تاجروں سے بھی ملاقات کی۔

اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے کیپیٹل ارینا میں جلسے سے خطاب بھی کیا اور مختلف ٹی وی چینلز کو انٹرویوز بھی دیئے۔

وزیراعظم عمران خان اپنا تین روزہ دورہ مکمل کر کے وطن واپسی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

معاون خصوصی زلفی بخاری اور وزیر کامرس عبدالرزاق داؤد بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ہیں۔