سمندری طوفان ڈینس سے برطانیہ اور فرانس متاثر

Hurricane

Hurricane

برطانیہ (اصل میڈیا ڈیسک) سمندری طوفان ڈینس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ برطانیہ میں ایک شخص دریا میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا جب کہ فرانس میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی ہے۔

برطانوی محکمہ موسمیات نے ساؤتھ ویلس کے لیے ریڈ وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب سے جان و مال کے نقصان کا ’زبردست خطرہ‘ لاحق ہے۔

برطانوی پولیس نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ڈینس طوفان کی وجہ سے ایک شخص دریائے ٹیؤ میں گر کر ہلاک ہوگیا، اس کی لاش برآمد ہوگئی ہے۔برطانیہ نے طوفان اور سیلاب سے متاثرین کی مدد کے لیے آرمی تعینات کردی ہے۔

ادھر فرانس میں بھی ڈینس طوفان نے تباہی مچائی ہے۔ ملک کے شمال مغربی علاقے میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوجانے سے سا ٹھ ہزار سے زائد افرادمتاثرہوئے ہیں، ریلوں کی آمدورفت پر بھی اثر پڑا ہے اور سڑکیں بند کردی گئی ہیں۔

ڈینس طوفان کی وجہ سے برطانیہ میں اتوار کو کئی مقامات پر 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتا ر سے تیز ہوائیں چلیں اور بارش کی وجہ سے کئی مقامات پر سیلاب کی صورت پیدا ہوگئی۔ یارک شائر سمیت کئی مقامات پر پانی بھر جانے کی وجہ سے گاڑیاں پھنس گئیں۔ اسکاٹ لینڈ کے تویڈ ندی سے لے کر جنوب مغربی انگلینڈ میں کورن وال تک مختلف مقامات پر سیلاب کی 594 وارننگ جاری کی گئی۔

پولیس نے بتایا کہ ویلس اور انگلیڈ کے مختلف حصوں میں کئی بڑے واقعات پیش آنے کے علاوہ اکثر مقامات پر زمین کے کھسکنے کے واقعات کی بھی پیش آئے ہیں۔

ساوتھ ویلس پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا ”کچھ علاقے کٹ گئے ہیں لیکن ایمرجنسی سروس کے اہلکار صورت حال کو قابو میں کرنے اور لوگوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے انتھک محنت کررہے ہیں۔“

برطانوی وزیر دفاع بین ویلس نے کہا ”ہماری فوج مقامی حکام کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔ ویسٹ یارک شائر اور شمالی انگلینڈ میں گذشتہ ہفتہ آئے سیارا طوفان کے بعد سے ہی سکیورٹی فورسیز تعینات ہے۔“

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ طوفان گذشتہ ہفتے آئے سیارا طوفان سے زیادہ خطرناک ہے۔ اس طوفان کی وجہ سے اسپین کی سرحد سے ملحق تین ندیوں میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے اور ندیوں کے آس پاس رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا جارہا ہے۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی امداد کے لیے فوج کو اتارا گیا ہے۔ موسم کی سنگین صورتحال کے پیش نظر ایسر لائنز نے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔ برٹش ایئر ویز اورایزی جیٹ نے طوفان کے مدنظر اپنے تمام طیارے میدان میں کھڑے کردیے ہیں۔