حسین لاکھانی ٹرسٹ کی جانب سے نارتھ ناظم آباد میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

Hunaid Lakhani

Hunaid Lakhani

کراچی: حسین لاکھانی ٹرسٹ اور حسین لاکھانی ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے نارتھ ناظم آباد ضیاء الدین ہسپتال چورنگی کے پاس فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد، کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا معائنہ کیا، میڈیکل کیمپ شدید بارشوں سے متاثر ہونے والے لوگوں کو فری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیئے لگایا گیا، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی اور رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ نے کیمپ کا دورہ کیا، مریضوں سے ملاقاتیں کیں اور مسائل سنے ، کیمپ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حنید لاکھانی نے کہا کہ حسین لاکھانی ٹرسٹ ہر سات دن کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں فری میڈیکل کیمپ لگا رہی ہے جس کا مقصد غریب لوگوں کو مفت طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی ہے، جو کام ہم کررہے ہیں یہ کام صوبائی حکومت کا ہے لیکن حکومت کام کرنا ہی نہیں چاہتی ، محکمہ صحت عوام کو طبی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوگیا ہے، ہماری ٹرسٹ کا مقصد صرف انسانیت کی خدمت ہے، مون سون کی بارشوں سے ہونے والی تباہی کے اثرات ابھی بھی باقی ہیں اور گلی محلوں میں ابھی تک بارشوں کا پانی کھڑ اہے جس کی وجہ سے مختلف وبائی امراض پھوٹنا شروع ہوگئے ہیں۔

میڈیکل کیمپ اس لیے لگا رہے ہیں تا کہ غریب لوگوں کو ان کے علاقوں میں گھروں کے قریب ہی طبی سہولیات دی جائیں ، اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ نے کہاکہ ہم اپنی مدد آپ کے تحت گزشتہ دو سال سے یہاں پر فری طبی کیمپ لگا رہے ہیں ، نارتھ ناظم آباد میں ایک بنیادی صحت مرکز بھی نہیں ہے، بنیادی صحت مراکز کو توچھوڑیں سندھ حکومت کے سرکاری ہسپتالوں میں آپ چلے جائیں مریضوں کو بخار اور کھانسی کی ادویات بھی نہیں ملتیں ، بارشوں کی وجہ سے جو صورتحال پیدا ہو گئی تھی اس میں سندھ حکومت کو ایمرجنسی نافذ کرتے ہوے پورے صوبے میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے چاہیے تھے لیکن افسوس کی بات ہے لوگوں کی مدد کرنے کی بجائے سندھ حکومت اپنی عیاشیوں اور مصروف ہے، شہر ڈوب گئے یہ لوگ سوتے رہے، صوبہ تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا لیکن سندھ حکومت سوتی رہی ، مشکل کی اس گھڑی میں کراچی کی عوام کے ساتھ ہیں اور جہاں تک ممکن ہو سکے گا ان کے مسائل کو حل کریں گے،انہوں نے مزید کہا کہ حسین لاکھانی ٹرسٹ کراچی کے عوام کو فری طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے عوامی فلاحی کاموں میں ہم اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔