حسین نواز نے نواز شریف کو زہر دیے جانے کا خدشہ ظاہر کر دیا

Hussain Nawaz

Hussain Nawaz

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کا کہنا ہے کہ پلیٹیلیٹس کم ہونے کی ایک وجہ زہر بھی ہو سکتی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی طبیعت ناساز ہونے پر قومی احتساب بیورو (نیب) دفتر سے سروسز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ کیا جارہا ہے۔

سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ رات 8 بجے کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے خون میں پلیٹیلیٹس 16 ہزار کی سطح پر تھے۔

اسی ٹوئٹ کے جواب میں سابق وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز کا کہنا تھا کہ ’پلیٹلیٹس کم ہونے کی ایک وجہ زہر بھی ہو سکتی ہے جو ایک یا دوسری صورت میں دیا جا رہا ہو‘۔

اپنی ٹوئٹ میں مزید کہا کہ ’کسی کو شبے کا فائدہ نہ دیں، اگر والد کو کوئی نقصان پہنچا تو آپ جانتے ہیں کون لوگ اس کے ذمہ دار ہوں گے‘۔

اس کے بعد حسین نواز نے ایک رپورٹ بھی پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ آج کا نہیں بلکہ بہت عرصے سے طے شدہ طبی معاملہ ہے کہ پلیٹلیٹس کی کمی کی ایک وجہ زہر بھی ہو سکتی ہے‘۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف چوہدری شوگر مل کیس میں نیب کی حراست میں ہیں جبکہ وہ احتساب عدالت کی جانب سے انہیں العزیزیہ ریفرنس میں7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔