حیدرآباد: کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد ہو گئی

Hyderabad Corona Cases

Hyderabad Corona Cases

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) حیدرآباد میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ ایک مریض انتقال کر گیا جب کہ 54 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق حیدرآباد میں 24 گھنٹوں کے دوران 543 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 54 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد تک پہنچ گئی۔

حیدرآباد میں اس وقت فعال کیسز کی تعداد 2197 ہے جن میں سے 2172 مریض گھروں میں قرنطینہ ہیں جب کہ گزشتہ سال سے اب تک جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 412 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب کورونا سے بچاؤ کے لیے حیدرآباد میں قائم ویکسی نیشن سینٹرز پر ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے جس کے تحت مجموعی طور پر سوا لاکھ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کی جاچکی ہے۔