سیدنا امام حسین ؓ عزم و استقامت کا بلند مینار ہیں: صوفی مسعود احمد صدیقی

Sufi Masood Ahmad Siddiqui

Sufi Masood Ahmad Siddiqui

لاہور : تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر اور لاثانی ویلفیئر فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے چیئرمین عاشق رسول ؐ، دور حاضر کے عظیم روحانی پیشوا،قائدروحانی انقلاب صوفی مسعوداحمد صدیقی نے مرکزی سیکرٹریٹ پر امام شہداء سیدناامام حسین ؓ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ نواسہ رسول ؐ سرکار سیدنا امام حسین ؓ عزم و استقامت کا بلندمینار ہیں، آپ ؓ نے باطل کے سامنے سرجھکانے کی بجائے سرکٹانے کو ترجیح دی اور دین اسلام کو ہمیشہ کیلئے زندہ و جاوید کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ظلم و جبر کے سامنے ڈٹ جانا اور اللہ تعالیٰ کی راہ میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنا شہادت سیدالشہدا ؓ کا درس ہے۔تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے مرکزی رہنما اور پاکستان مسلم الائنس پنجاب کے صدر صاحبزادہ پیر شبیر احمد صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یزیدی قوتیں آج بھی اپنے ناپاک عزائم لئے دین حق کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں جن کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں امام عالی مقام سیدنا امام حسین ؓ کے نقش قدم پر چلنا ہوگا۔

پیر الطاف حسین نقشبندی نے کہاکہ نواسہ رسول ؐ سیدنا امام حسین ؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دین اسلام کا پرچم ہمیشہ کیلئے سربلند کردیا اور سیدناامام حسین ؓ کی شہادت آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ کانفرنس سے پیر سید عدنان اکرم نقشبندی، پیر سید احمد ندیم شاہ، پیر محمد راشد نقشبندی سمیت دیگر علماء و مشائخ نے بھی خطاب کرتے ہوئے امام شہداء سیدنا امام حسین ؓ کی شان میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ جبکہ کانفرنس کے اختتام پر درودوسلام اور ملکی ترقی و خوشحالی سمیت آزادی کشمیر کیلئے خصوصی و اجتماعی دعا بھی کی گئی۔