عمران خان 10 لاکھ افراد لانے کے بجائے 172 ارکان پورے کریں، فضل الرحمان

Maulana Fazl Rahman

Maulana Fazl Rahman

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان اسلام آباد جلسے میں 10 لاکھ افراد لانے کے بجائے 172 ارکان پورے کرنے کی فکر کریں۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم کامیابیوں کے آخری مراحل میں ہیں، عمران خان اکثریت کھوچکے ہیں کیوں کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے ثابت کردیا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں، عدم اعتماد پیش کردی گئی ہے، اصولاً عمران خان اب عوام سے خطاب نہیں کرسکتے، الیکشن کمیشن اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاکستانی ہیں اور انہیں وطن واپسی سے کوئی نہیں روک سکتا، شیخ رشید رائی کے پہاڑ ہیں جو عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان روس بھی اپنے اسرائیلی سالے کے کہنے پر گیا۔

فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کے خلاف پورا ملک تیار ہے ہم انہیں کسی بھی وقت اسلام آباد بلا سکتے ہیں، بیورو کریسی اور اسٹیبلشمنٹ عمران خان کا حکم نہیں مانتے، عمران خان پاگلوں کی طرح گھوم رہا ہے، عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہے، ممبران اسمبلی کسی صورت مرعوب نہ ہوں، عمران خان بڑھکیں مارنا چھوڑ دیں۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ کل ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے، یہ اپنے اراکین پورا کرنے کی فکر کریں، عمران خان اسلام آباد جلسے میں دس لاکھ افراد لانے کے بجائے 172 ارکان پورے کرنے کی فکر کریں۔