عمران خان نے استعفیٰ نہیں دیا تو واپس نہیں جائیں گے: اکرم درانی کا اعلان

Akram Durrani

Akram Durrani

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما و اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے کنوینر اکرم خان درانی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے استعفیٰ نہیں دیا تو واپس نہیں جائیں گے۔

اکرم درانی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پہنچ کر رہبر کمیٹی کی مشاورت سے لائحہ عمل طے کریں گے، ہمارا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم مستعفی ہوں اور نئے انتخابات ہوں جس میں کوئی مداخلت نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہم معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کررہے لیکن حکومت خلاف ورزی کررہی ہے، عدالت نے بھی کہا ہے کہ سڑکوں سے کنٹینرز ہٹائے جائیں۔

اکرم درانی کے مطابق ’ہمارے کارکن ایک دن کیلئے نہیں آرہے، کوئی ایک دن کا جلسہ تو نہیں، ہم پرامن رہیں گے، کوئی ایک پتھر بھی نہیں پھینکے گا، عمران خان نے استعفیٰ نہیں دیا تو واپس نہیں جائیں گے‘۔

اس کے جواب میں سابق وزیر خزانہ و حکومتی کمیٹی کے رکن اسد عم کا کہنا تھا کہ جے یو آئی والے معاہدے کی پاسداری کریں پھر یہ جتنے دن چاہیں بیٹھیں، وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو غیرذمہ دارانہ بیانات دینے سے منع کیا ہے۔

خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں کراچی سے شروع ہونے والا جے یو آئی (ف) کا آزادی مارچ گزشتہ شب لاہور پہنچا تھا جس کے بعد چوتھے روز بذریعہ گوجرانوالہ وفاقی دارالحکومت پہنچے گا۔

یاد رہے کہ آزادی مارچ کے حوالے سے حکومت اور جے یو آئی (ف) کے درمیان معاہدے طے پایا ہے جس کے تحت جمعیت علمائے اسلام (ف) ایچ 9 کے اتوار بازار کے قریب گراؤنڈ میں جلسہ کرے گی۔