عمران خان فوری استعفیٰ دیکر نئے انتخابات کروائیں: رانا ثناء اللہ

 Rana Sanaullah

Rana Sanaullah

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور ممبر قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان فوری استعفیٰ دیکر نئے انتخابات کرائیں۔

صدر مسلم لیگ ن پنجاب کا کہنا تھا کہ اعتماد کا ووٹ لینا دراصل عام انتخابات سے بچنے کا بہانہ ہے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں شکست کے بعد وزیراعظم کو فوری طور پر استعفیٰ دینا چاہیے اور نئے انتخابات کروانے چاہئیں۔

خیال رہے گزشتہ روز سینیٹ الیکشن کی 37 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے 13، پیپلز پارٹی نے 8، بی اے پی نے 6، ایم جے یو آئی نے 3، کیو ایم پاکستان، اے این پی اور آزاد امیدواروں نے 2، 2 جب کہ بی این پی نے ایک نشست حاصل کی۔

اس کے علاوہ پنجاب سے 11 نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے جن میں پی ٹی آئی کے 5، ن لیگ کے 5 اور ق لیگ کا ایک سینیٹر شامل ہے۔